ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 383 رنز کا بڑا ہدف دے دیا، ڈی کوک کی 174 رنز کی شاندار اننگز

World Cup 2023 Final
World Cup 2023 Final

ممبئی۔24اکتوبر (اے پی پی):آئی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 383 رنز کا بڑا ہدف دے دیا، کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ کی تیسری سنچری سکور کرتے ہوئے 174 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ہینرچ کلاسین اور کپتان ایڈن مارکرم نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ منگل کو وانکھڈے سٹیڈیم ممبئی میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک مرتبہ پھر پہاڑ جیسا ٹوٹل کھڑا کرنے میں کامیاب رہی۔

پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے، جنوبی افریقہ نے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا جبکہ اس کے دو بلے باز صرف 36 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، ریزا ہینڈرکس 12 اور راسی وان در وسن 1 رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈی کوک نے کپتان ایڈن مارکرم کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلوں سے نکالا اور مجموعی سکور کو 167 تک پہنچا دیا، دونوں بیٹرز نے 131 رنز کی شراکت قائم کی، ایڈن مارکرم 60 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، اس کے بعد ڈی کوک نے ہینرچ کلاسین کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ شروع کیا اورسکور کو 309 تک پہنچا دیا۔

کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی، وہ 140 بالوں پر 174 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 15 چوکے شامل ہیں جبکہ ہینرچ کلاسین 90 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، ڈیوڈ ملر 34 اور مارکو جانسن ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے حسن محمود نے دو، مہدی حسن، شریف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو فتح کے لئے 383 رنز کا بڑا ہدف دیا ہے۔