اسلام آباد۔15جون (اے پی پی): ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد اور پاکستان انفارمیشن سینٹر کے اشتراک سے پاکستان بھرکے ورکنگ جرنلسٹس کے لئے موبائل جرنلزم کے تربیتی سیشنز کا ایک سلسلہ منعقد کیا۔پہلے مرحلے میں یہ تربیتی سیشن اسلام آباد اور لاہور میں منعقد کیے گئے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صحافیوں اور ان کے نامزد امیدواروں کے لیے انفارمیشن سروسز اکیڈمی اسلام آباد میں پہلا دو روزہ تربیتی سیشن منعقد ہوا۔تربیتی سیشن میں پی ٹی وی، اے پی پی اور نجی چینلز سمیت معروف میڈیا گروپس کے صحافیوں نے شرکت کی۔
تربیتی سیشن کو شرکاء اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کے جانب سے سراہا گیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر پی آئی ڈی محترمہ نگہت اور انچارج پاکستان انفارمیشن سینٹر محترمہ لیلیٰ کاظمی نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔تربیتی سیشن کے دوسرے روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بطور مہمان خصوصی ورکشاپ میں شرکت کی۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر/ ڈی جی پی آئی ڈی مبشر حسن اور ڈی جی انفارمیشن سروسز اکیڈمی سعید جاوید نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے قابل قدر تربیتی سیشنز کا اہتمام کرنے پر ورچوئل یونیورسٹی اور خاص طور پر ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس اے پر زور دیا کہ وہ سی ایس ایس افسران کی تربیت کے لئے ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کی خدمات حاصل کریں۔ڈی جی پی آئی ڈی مبشر حسن نے جنرل منیجر مارکیٹنگ ورچوئل یونیورسٹی روبینہ علی کو پیشہ ورانہ اور دلچسپ تربیتی سیشن منعقد کرنے پر سراہا۔ لاہور ڈویژن کے صحافیوں کا دوسرا تربیتی اجلاس لاہور پریس کلب میں منعقد ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور سجیلہ نوید افتتاحی سیشن کی مہمان خصوصی تھیں۔سیشن میں معروف میڈیا اداروں کے صحافیوں نے شرکت کی۔تربیت بہت نتیجہ خیز تھی اور شرکاء نے اسے بے حد سراہا۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری ٹریننگ کے فائنل سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے وی یو ٹرینرز مسٹر اظہر الحسن سمرا اور ذیشان ناصر کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔آخری سیشن میں ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی لاہور سجیلہ نوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی ماریہ رشید ملک نے بھی شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=312626