وریندر سہواگ کا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے سے قبل بھارتی بائولنگ کے بارے میں تشویش کا اظہار

کولمبو ۔19فروری (اے پی پی):بھارت کے سابق مایہ ناز بلے باز وریندر سہواگ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے سے قبل بھارتی باؤلنگ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارت گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہا، تاہم ٹیم کو ابھی تک کسی مضبوط حریف کے خلاف حقیقی امتحان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سوریا کمار …

کولمبو ۔19فروری (اے پی پی):بھارت کے سابق مایہ ناز بلے باز وریندر سہواگ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے سے قبل بھارتی باؤلنگ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارت گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہا، تاہم ٹیم کو ابھی تک کسی مضبوط حریف کے خلاف حقیقی امتحان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

سوریا کمار یادو کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے گروپ مرحلے کے چاروں مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ روایتی حریف پاکستان سمیت تمام ٹیموں کے خلاف کامیابی کے باوجود سہواگ کا ماننا ہے کہ اصل چیلنج اب شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک میچ میں بھارت نے 193 رنز بنائے لیکن 176 رنز بھی حریف کو دے دیے، اس لیے باؤلنگ شعبے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق جب کسی مضبوط بیٹنگ لائن رکھنے والی ٹیم کا سامنا ہوگا تو دیکھنا ہوگا کہ بھارتی بائولرز کس طرح دبائو کا مقابلہ کرتے ہیں۔ اسی دوران تجربہ کار فاسٹ باؤلر موہت شرما نے بھی باؤلنگ ترتیب پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر اکشر پٹیل نمبر آٹھ پر موجود ہوں تو آخری اوورز کون کرے گا؟ اگر نیدرلینڈز جیسی ٹیم آخری لمحات میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے تو آگے مزید سخت مقابلے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ارشدیپ سنگھ ٹیم میں شامل ہوں تو جسپریت بمراہ کے ساتھ آخری اوورز میں بہتر حکمت عملی اختیار کی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کو 17 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 193 رنز بنائے جبکہ جواب میں نیدرلینڈز 176 رنز تک محدود رہا۔ سپر ایٹ مرحلے میں بھارت 22 فروری کو احمد آباد میں جنوبی افریقہ سے مقابلہ کرے گا، اس کے بعد چنئی میں زمبابوے اور پھر کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں اترے گا۔