وزارتِ مذہبی امور نے نجی حج کمپنیوں اور ان کی ذیلی کمپنیوں کوعازمینِ حج کی بکنگ کی اجازت دے دی

100

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور نے نجی حج کمپنیوں اور ان کی ذیلی کمپنیوں کوعازمینِ حج کی بکنگ کی اجازت دے دی ہے جس کے تحت بکنگ 10 جنوری تا 31 جنوری 2025 تک جاری رہے گی ۔جمعہ کو ترجمان مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے مختلف حج پیکیجز وزارت کی ویب سائٹ پر موجود ہیں ۔نجی سکیم کے بنیادی حج پیکیج پونے 11 لاکھ سے ساڑھے 21 لاکھ کے درمیان رکھے گئے ہیں۔حج منظم کمپنیاں سہولت کی فراہمی کے معاہدے (SPA)کے مطابق پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ کریں۔اضافی سہولیات کے باعث 30 لاکھ سے زائد حج پیکیج "حج پالیسی فامولیشن کمیٹی” سے منظور کرانا ہو گا۔

حج منظم کو 30 لاکھ سے زائد حج پیکیج کی منظوری کے وقت مکمل تفصیل فراہم کرنا لازم ہو گا۔3 ملین سے زائد حج پیکیج بیچنے اور خریدنے والوں کے کوائف ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نجی عازمینِ حج بکنگ کراتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ "پاک حج” سے لازمی تصدیق کر لیں۔ پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکائونٹ کے ذریعے کریں اور سہولیات کا معاہدہ لازمی طلب کریں۔نجی عازمینِ حج بکنگ کراتے وقت حج پیکیج کی سہولیات کو اچھی طرح سمجھ لیں۔