اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سال 1448ھ/2026ء کے لیے ملک گیر سطح پر 51 ویں قومی مقابلہ کتب سیرت، نعت اور مقالات کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سال ان مقابلوں کا بنیادی مقصد نئی نسل کو دورِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں تیار کرنا اور ملک بھر کے اہل قلم …
وزارتِ مذہبی امور کا نئی نسل کی نظریاتی آبیاری کے لیے بڑا اقدام، قومی سیرت، نعت و مقالات مقابلوں کے لیے 50 لاکھ روپے سے زائد کے 48 انعامات کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سال 1448ھ/2026ء کے لیے ملک گیر سطح پر 51 ویں قومی مقابلہ کتب سیرت، نعت اور مقالات کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سال ان مقابلوں کا بنیادی مقصد نئی نسل کو دورِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں تیار کرنا اور ملک بھر کے اہل قلم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ وزارت نے مختلف زمروں میں مجموعی طور پر 48 انعامات کا اعلان کیا ہے جن کی کل مالیت 50لاکھ 55ہزار روپے ہے۔اس مقابلے میں اردو اور علاقائی زبانوں کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں تحریر کردہ کتب کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ عالمی سطح پر اسلام کے پرامن پیغام کو پہنچایا جا سکے۔ انگریزی زبان میں سیرتِ طیبہ پر لکھی گئی کتب کے لیے اول انعام 150,000 روپے، دوم 100,000 روپے اور سوم 80,000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امورکے ڈپٹی ڈائریکٹر سیرت محمد خلیق کے مطابق مقابلے پانچ بڑی کیٹیگریز میں منعقد ہوں گے۔مقابلہ کتب سیرت (اردو، انگریزی، عربی و علاقائی زبانیں) کیٹگری میں اردو زبان کی کتاب کے لیے پہلا انعام 175,000 روپے رکھا گیا ہے۔ بچوں کے لیے لکھی گئی کتبِ سیرت کے لیے بھی خصوصی انعامات (اول: 125,000 روپے) مقرر ہیں۔شیڈول کے مطابق مقابلہ کتبِ نعت اردو اور علاقائی زبانوں میں نعت کے مجموعوں پر 75,000 سے 125,000 روپے تک کے انعامات دیے جائیں گے۔
مقابلہ کتبِ اسلامی (برائے خواتین) کیٹگری میں خواتین قلم کاروں کی خصوصی حوصلہ افزائی کے لیے اسلامی موضوعات پر بہترین کتب کے لیے پہلا انعام 175,000 روپے رکھا گیا ہے۔مقابلہ رسائل و مجلات کیٹگری میں سیرت و نعت کے خصوصی شمارے شائع کرنے والے اداروں کے لیے 60,000 سے 100,000 روپے تک کے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔مقابلہ مقالاتِ سیرت میں اس سال مقالے کا عنوان "نسلِ نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” منتخب کیا گیا ہے۔
اس میں قومی سطح پر پہلا انعام 100,000 روپے جبکہ صوبائی سطح پر 75,000 روپے ہے۔وزارتِ مذہبی امور نے اس علمی مقابلے کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے بھی الگ سے تین مشترکہ انعامات کا اعلان کیا ہے۔ ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے مقالہ نگاروں (مرد و خواتین) کے لیے پہلا انعام 75,000 روپے، دوسرا 60,000 روپے اور تیسرا انعام 50,000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دور افتادہ علاقوں کے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کر کے سیرتِ طیبہ ﷺ کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق امیدواروں کو وزارت کی ویب سائٹ (www.mora.gov.pk) پر آن لائن فارم پر کرنا لازمی ہے۔ کتب اور مقالات جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2026 ہے۔ مقالات کے لیے اے آئی (AI) اور کاپی کی شرح 19 فیصد سے کم ہونا ضروری ہے اور یہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کے مطابق ہونی چاہیے۔ مقالہ نگار کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت 14 یا 16 سالہ تعلیم (گریجویشن یا مساوی) ہونا لازمی ہے۔وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ یہ مقابلہ بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی تعلیمات کی حقیقی روح کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔\395







