26 C
Islamabad
پیر, مارچ 31, 2025
ہومتازہ ترینوزارت اطلاعات و نشریات کی سالانہ کارکردگی رپورٹ : ڈیجیٹل ترقی، میڈیا...

وزارت اطلاعات و نشریات کی سالانہ کارکردگی رپورٹ : ڈیجیٹل ترقی، میڈیا ریگولیشن اور بین الاقوامی روابط میں نمایاں پیشرفت

- Advertisement -

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کے مختلف محکموں کی گزشتہ ایک سال کے دوران کارکردگی نمایاں رہی جس میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن، میڈیا ریگولیشن اور بین الاقوامی روابط میں نمایاں پیشرفت ہوئی۔ وزارت اطلاعات کی طرف سے مرتب کردہ رپورٹ میں وزارت کے مختلف شعبہ جات کی کاوشوں کو اجاگر کیا گیا ہے جن کا مقصد ملکی میڈیا منظر نامے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، معلومات کے شعبے میں درپیش جدید چیلنجز کا مقابلہ کرنا، شفافیت کے ذریعے میڈیا کی ترقی کو فروغ دینا اور عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانا شامل ہے۔

ایک اہم پیشرفت ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا قیام ہے جس کی منظوری اکتوبر 2024ءمیں دی گئی۔ یہ محکمہ جدید ڈیٹا اینالیٹکس اور رئیل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے ڈیجیٹل خطرات، غلط معلومات اور ہائبرڈ وار فیئر کا مقابلہ کرنے کا ذمہ دار ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (DEMP) کی جانب سے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز میڈیا تجزیئے اور قومی سلامتی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے حکومتی عزم کا اظہار ہے۔ گزشتہ سال کے دوران پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) نے حکومتی ترجیحات اور قومی استحکام کے فروغ کے لئے مربوط مواصلاتی حکمت عملی نافذ کی۔

- Advertisement -

اس کے اہم اقدامات میں ڈس انفارمیشن کے تدارک کے لئے میٹا نیریٹو کمیٹی کا قیام، نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کی تشہیر اور 4500 سے زائد صحافیوں کی معاونت شامل ہیں۔ پی آئی ڈی نے 7646 پریس ریلیز، 456 پالیسی مضامین جاری کئے اور 600 سے زائد پریس کانفرنسوں کا انعقاد کیا۔ اس کے علاوہ حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لئے سنٹیمنٹ اینالیسز کا استعمال کیا گیا اور شہری تعلیم اور قوم یکجہتی پر مہمات شروع کی گئیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کا ایک اور شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (DEMP) پاکستان کی فلم اور نشریاتی پالیسی کے تحت میڈیا مانیٹرنگ، خبروں کے تجزیئے اور مواد کی تیاری کا انتظام کرتا ہے۔ یہ ادارہ حکومتی میٹا نیریٹو سے ہم آہنگ موضوعاتی دستاویزی فلمیں تیار کر رہا ہے اور میڈیا تجزیئے کے لئے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروا چکا ہے۔

DEMP نے سفارت کاری، سرمایہ کاری اور ثقافت کے فروغ کے لئے کثیر السانی مواد تخلیق کیا، مشترکہ پروڈکشنز میں معاونت کی اور سرکاری اشتہارات کو ٹریک کرنے کی سہولت فراہم کی۔ یہ ادارہ قومی تاریخ، قیادت اور کشمیر پر کتب اور رپورٹس بھی شائع کرتا ہے۔ مانیٹرنگ سیکشن نے 400 سے زائد ٹاک شوز، 8 ہزار سے زائد ٹکرز، 2 ہزار سے زائد بریکنگ نیوز اور 100 سے زائد لائیو ایونٹس کا تجزیہ کیا۔ DEMP آئوٹ ریچ، نمائشوں اور تقریبات کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو مضبوط کرتا ہے۔

سال 2024ءمیں پاکستان ٹیلی ویژن نے ڈراموں، مزاحیہ پروگراموں، موسیقی، ٹاک شوز، سفر ناموں اور بچوں کے پروگراموں سمیت متنوع مواد کے ذریعے شمولیت اور ثقافتی ورثے کو فروغ دیا۔ نمایاں پروگراموں میں’’ بخت ہزاری‘‘، ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ اور ’’سلطان عبدالحمید ثانی ‘‘شامل تھے جبکہ قومی تقریبات کی کوریج اور خصوصی نشریات بھی پیش کی گئیں۔ پی ٹی وی نیوز نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ اور وفاقی بجٹ جیسے اہم ایونٹس کی کوریج کی جبکہ پی ٹی وی ورلڈ نے ایچ ڈی اپ گریڈیشن مکمل کی اور اشاروں کی زبان کے بلیٹنز متعارف کروائے۔

انٹرنیشنل ریلیشنز ڈویژن نے چین اور آذربائیجان کے ساتھ میڈیا تعاون کے معاہدے کئے جس سے پی ٹی وی کے معیاری اور جامع پروگرامنگ کے عزم کو مزید تقویت ملی۔ دریں اثناءپاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی بحالی کا عمل جاری ہے جس میں مالی استحکام، انجینئرنگ اپ گریڈ، انتظامی اصلاحات اور مواد کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔ بزنس پلان کے تحت اشتہارات، پراپرٹی لیزنگ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ، او ٹی ٹی اور ڈیجیٹل بل بورڈز کے ذریعے سالانہ 3 سے 5 ارب روپے کی آمدنی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مواد کی بہتری میں معیار، نوجوانوں کی شمولیت، سوشل میڈیا، ثقافتی سفارت کاری، پوڈ کاسٹ کے فروغ اور ترکیہ کے اشتراک سے نئے ریڈیو پاکستان میوزیم کے قیام کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (اے پی پی) نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ، گرلز ایجوکیشن کانفرنس اور کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس جیسے اہم عالمی ایونٹس کی اردو، انگریزی سمیت متعدد زبانوں اور ملٹی میڈیا فارمیٹس میں کوریج کی۔ اے پی پی نے آذر ٹیک (آذربائیجان) اور تاس (روس) کے ساتھ میڈیا کے تبادلے کے معاہدے کئے۔ نوجوانوں کے انٹرن شپ پروگرامز کو وسعت دی، صحافتی تربیت کے لئے یونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ شراکت داری کی اور انسداد دہشت گردی، انسداد پولیو اور کشمیر جیسے اہم قومی امور پر ڈیجیٹل آئوٹ ریچ کو فروغ دیا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نجی الیکٹرانک میڈیا کے نظم و نسق اور فروغ کا ذمہ دار ہے تاکہ مواد کے تنوع، معیار اور مثبت قومی تشخص کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ ادارہ 142 سیٹلائٹ ٹی وی چینلز، 171 ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز اور 3587 کیبل نیٹ ورکس کی نگرانی کر رہا ہے۔ گزشتہ سال پیمرا نے دو سیٹلائٹ ٹی وی چینلز، ایک ایف ایم اسٹیشن اور 92 کیبل نیٹ ورکس کے لائسنس جاری کئے۔

اس کے مصنوعی ذہانت پر مبنی مانیٹرنگ سسٹم نے کوریج 50 سے بڑھا کر 250 ٹی وی چینلز تک کر دی۔ پیمرا نے میڈیا اخلاقیات پر تربیتی سیشنز منعقد کئے اور جعلی خبروں کے خلاف اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ساتھ شراکت داری کی۔ پیمرا ترمیمی ایکٹ 2023ءنے اس کے ریگولیٹری فریم ورک کو مزید مضبوط کیا جس سے میڈیا سیکٹر کی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا۔ پریس کونسل آف پاکستان پرنٹ میڈیا میں آزادی صحافت کے تحفظ اور اخلاقی معیارات کے نفاذ کا ذمہ دار ہے۔

اس نے 21 شکایات کا ازالہ کیا، 11 شکایات سٹیزن پورٹل کے ذریعے حل کیں اور اخلاقی خلاف ورزیوں کے لئے 55 از خود نوٹس لئے۔ اقدامات میں میڈیا ایتھکس ٹریننگ روم، آئوٹ ریچ پروگرامز اور پی ایف یو جے اور سی پی این ای کے ساتھ تعاون شامل ہیں۔ پریس کونسل آف پاکستان بین الاقوامی فورمز پر میڈیا اخلاقیات کے حوالے سے پاکستان کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔

انفارمیشن سروس اکیڈمی نے اپنے 41 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے تحت 14 افسران کو تربیت دی جبکہ ڈیجیٹل ٹولز، ای پروکیورمنٹ، اور انتہا پسندی کے خلاف اقدامات پر ورکشاپس کا انعقاد کیا، مالدیپ کی میڈیا ٹریننگ اور اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے سیشن کی میزبانی بھی کی۔

25 ۔ 2024 کےلئے انفارمیشن سروس اکیڈمی 100 ملین روپے کے بجٹ کے ساتھ میڈیا پروفیشنلز کی ترقی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایکسٹرنل پبلسٹی (ای پی) ونگ نے سیاحت اور ثقافتی سفارت کاری کو فروغ دیا، میڈیا وفود اور دستاویزی فلموں میں معاونت فراہم کی جن میں روسی ٹی وی کی سفری فلم اور نیٹ فلکس کی ’’ ‘‘Super Rich Strangers شامل ہیں۔ ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ نے بلومبرگ جیسے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ذریعے اقتصادی کوریج میں معاونت فراہم کی اور کوریا ۔ پاکستان کلچرل ویک کی مشترکہ میزبانی کی۔ اس کے علاوہ ای پی ونگ نے 2024ءکے ایس سی او سمٹ اور پاکستان کے انتخابات کی عالمی سطح پر موثر کوریج کو بھی یقینی بنایا۔

فروری 2024ءسے جنوری 2025ءتک پریس رجسٹرار نے اخبارات اور جرائد کے لئے 94 این او سیز اور 189 رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جبکہ خبر رساں ایجنسیوں کے لئے 4 سرٹیفیکیٹ جاری کئے۔ کسی نئی پرنٹنگ پریس کی رجسٹریشن نہیں کی گئی۔ سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز نے ڈیجیٹل سینما پروجیکٹر اور جدید سہولیات کے ذریعے اپنے آپریشنز کو جدید بنایا۔ 316 فلموں کی سنسرنگ مکمل کی اور 3.9 ملین روپے کی آمدنی حاصل کی۔ نئے ڈیجیٹل سکریننگ سسٹم نے کارکردگی اور سٹیک ہولڈرز کے اطمینان میں نمایاں بہتری پیدا کی۔

اسی طرح دی امپلی منٹیشن ٹربیونل فار نیوز پیپرز ایمپلائیز (آئی ٹی این ای) نے 8 ویں ویج بورڈ ایوارڈ کا نفاذ یقینی بنایا، 366 کیسز نمٹائے اور ملازمین کو 55.4 ملین روپے کی ادائیگی کی۔ 34 ملین روپے کے بجٹ کے ساتھ یہ ادارہ اجرت کے حقوق کے تحفظ اور میڈیا انڈسٹری میں ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576918

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں