اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سیکرٹری ارشد منیر نے وزارت کے افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی کورسز کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے وزارت اور اس کے ماتحت اداروں کی مجموعی کارکردگی بڑھائی جاسکتی ہے ۔ وہ جمعہ کو انفارمیشن سروسز اکیڈمیں میں 33ویں مڈکیئرئیر ٹریننگ پروگرام ( چوتھا ڈومین سپیشل کورس) کی گریجویشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی سعید جاوید ،ڈائریکٹر ٹریننگ آئی ایس اے غزالہ عنبرین اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
جوائنٹ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات ارشد منیر نے کہا کہ وزارت اور اس کے ماتحت ادارں کے حاضر سروس افسران اور ملازمین کی صلاحیت سازی کے لئے اس نوعیت کے کورسز لازمی ہونے چاہیں ۔وزارت کے افسران کے لئے اس تربیتی کورس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے سعید جاوید نے کہاکہ تسلسل کے ساتھ ایسے کورسز جاری رہنے چاہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس اے سعید جاوید نے کہاکہ تربیت کا عمل میڈیا کے شعبے میں نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم تھا۔
ففتھ وار فیئر ، ڈیجیٹل اور میڈیا پلیٹ فارم کے تناظر میں انفارمیشن افسران کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نےمختلف تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے لیے ادارے کی مدد پر وزارت اطلاعات و نشریات کا شکریہ ادا کیا ۔ڈائریکٹر ٹریننگ آئی ایس اے غزالہ عنبرین نے بتایا کہ پہلے تین ڈومین سپیشل کورسز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب چوتھا کورس مکمل ہوچکا ہے ۔آخر میں کورس مکمل کرنے پرکورس کے شرکاء کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس دیئے گئے ۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمولیشن لیب اور اسٹوڈیوز کا افتتاح کیا جو آئی ایس اے کی جانب سے انفارمیشن گروپ میں نئے آنے والوں کو سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ افسران کی مہارت کو بڑھانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔