وزارت انسانی حقوق نے رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران اپنی موبائل ایپ اور ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے والے 824 افراد کو مفت قانونی مشاورت فراہم کی

182

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق نے رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران اپنی موبائل ایپ اور ہیلپ لائن 1099 پر رابطہ کرنے والے 824 افراد کو مفت قانونی مشاورت و راہنمائی اور متعلقہ اداروں تک رسائی فراہم کی۔ جبکہ اس دوران شکایت کنندگان کی داد رسی کیلئے فالو اپ کے طور پر 4011 کالز کی گئیں۔

اے پی پی کے پاس موجود ہیلپ لائن کے ڈیٹا کے مطابق رواں سال جنوری سے 30 جون کے دوران انسانی حقوق سے متعلق شکایات اور ان کے ازالے کیلئے رابطہ کرنے والے ان افراد میں سے 781 افراد کو قانونی مشاورت فراہم کی گئی ، 4 افراد کو قانونی مشورہ اور فوری دادرسی کیلئے متعلقہ اداروں کو بذریعہ فون کال ہدایات جاری کی گئیں ۔ اسی طرح 5 افراد کو مفت قانونی مشاورت کے علاوہ دادرسی کیلئے متعلقہ اداروں کو خطوط جاری کئے گئے۔

ڈیٹا کے مطابق 34 افراد نے ای میلز، فیکس اور ذاتی طور پر وزارت میں آ کر اپنی شکایات درج کرائیں جن پر قواعد و ضوابط کے مطابق فوری ایکشن لیا گیا۔ڈیٹا کے مطابق پنجاب سے سب سے زیادہ رابطہ کیا گیا جن کی تعداد 715 تھی جس کے بعد سندھ سے 146 افراد ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 117، خیبر پختون خواہ سے 114 ، بلوچستان سے 13 اور آزاد کشمیر سے 11 افراد نے رابطہ کیا۔

انسانی حقوق سے متعلق سب سے زیادہ کالز خواتین کے حقوق بارے تھیں جس کی تعداد 492 رہی جبکہ بچوں کے حقوق بارے 68 کالز،معذور افراد کے حقوق بارے 92 کالز ،ہیومن رائٹس گورننس ایشوز سے متعلق 320 کالز موصول ہوئیں ۔ ہیلپ لائن پر کالز کرنے والوں میں مردوں کی تعداد 724 جبکہ 416 خواتین تھیں۔