اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق نے عوامی خدمت کے پیغام کے طور پر ایوری موبائل ٹیون میں زارا الرٹ ایپ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا شروع کر دی ہے۔
اتوار کو یہاں ایک اہلکار نےاے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگاہی کا مقصد ہیلپ لائن 1099 کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے ساتھ لاپتہ اور اغوا شدہ بچوں کی کالز لینا اور زارا الرٹ ایپ پر رپورٹ کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زارا الرٹ ایپ ایک موبائل ایپلی کیشن ہے جو لاپتہ اور اغوا شدہ بچوں کی اطلاع دینے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔
ایپ صارفین کو بچے کی تصویر اپ لوڈ کرنے، بچے کی گمشدگی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے اور الرٹ کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ ایپ صارفین کو تحقیقات کی پیشرفت کو ٹریک کرنے اور بچے کی حیثیت سے متعلق اپ ڈیٹس حاصل کرنے کی بھی اجازت دیتی ہے۔
یہ ایپ ملک کے تمام تھانوں سے منسلک ہے، صارفین کو تفتیشی عمل کی پیشرفت اور اپ ڈیٹ کرنے کی بھی اجازت دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت انسانی حقوق کو یقین ہے کہ یہ اقدام بچوں کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچانے میں مدد فراہم کرے گا۔
ایپ کے صارفین بچے کی گمشدگی کے بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ بچے کی تصویر اپ لوڈ کریں اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کے لیے الرٹ کریں۔ZARA ALERT ایپ androide/ios/web Zarra.mohr.gov.pk پر دستیاب ہے۔