وزارت انسانی حقوق کی طرف سے گھریلو تشدد (حفاظت اور روک تھام) 2020 سے متعلق بل قومی اسمبلی میں متعارف کردیا گیا

اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) وزارت انسانی حقوق کی طرف سے گھریلو تشدد (حفاظت اور روک تھام) 2020 سے متعلق بل قومی اسمبلی میں متعارف کردیا گیا۔ ترجمان وزارت انسانی حقوق کے مطابق بل کو متعارف کرانے کا مقصد خواتین ، بچوں ،بوڑھے اور دوسرے کمزور افراد جو ساتھ رہتے ہوئے گھریلو تشدد کا شکار ہیں، ان کا تحفظ ہے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں پہلے ہی گھریلو تشدد کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے صوبائی سطح پر قانون سازی کر چکی ہے۔ لہذا وزارت انسانی حقوق نے وفاقی سطح پر حقوق کے تحفظ کے لئے ایک مسودہ تیار کیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ بل کا مقصد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹریری کے علاقائی دائرہ اختیار میں گھریلو تشدد کے خلاف خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر کمزور افراد کے تحفظ، امداد اور بحالی کا ایک موثر نظام قائم کرنا ہے، اس سے گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والے متاثرین کو مدد ملے گی۔ بل کو حتمی شکل دینے کے لیے وزارت انسانی حقوق نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے متعدد بار مشاورتی میٹنگز کا بھی اہتمام کیا جس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر اور وفاقی وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم نے خصوصی معاونت کی۔