وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی

122

اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں جدید براڈ بینڈ سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ وزارت آئی ٹی کے ذرائع نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے تحت 2 ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے شہریوں کو جدید براڈ بینڈ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی جس سے بلوچستان کی 6.5 فیصد آبادی مستفید ہو سکے گی۔ یہ رقم آواران لسبیلہ براڈ بینڈ پراجیکٹ پر خرچ کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مزید 50 کمپیوٹر لیب بھی قائم کی جائیں گی تاکہ شہری آئی ٹی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور یو ایس ایف کی انتظامیہ کے درمیان جائزہ میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یو ایس ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے ملک کے دور افتادہ علاقوں میں جدید آئی ٹی کی سہولیات کیلئے مالی سال 2016-17ءمیں 13 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔