کوئٹہ۔ 02 اگست (اے پی پی):وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف قومی مہم کے سلسلے میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی کارروائیاں صوبہ بھرمیں تیزی سے جاری ہیں جس کے تحت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی، سبی، خضدار اور مکران آپریشن سرکلز میں بلاتفریق تمام نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کے ساتھ ساتھ بجلی چوروں کے کنکشنزبھی منقطع کئے جارہے ہیں۔
ترجمان کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے مطابق کیسکونے اس خصوصی مہم کے تحت ماہ ستمبر سے لیکر اب تک تقریباً7ہزار247سے زائد بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس سٹیشنوں میں قانونی کارروائی کیلئے درخواستیں ارسال کر دی ہیں جن میں سے اب تک636 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کااندراج بھی عمل میں لایاگیاہے اسکے علاوہ بجلی کے میٹروں کو شنٹ اورمیٹر ریڈنگ سلوکرنے پر 28ہزار971 گھریلو کنکشنز،9ہزار199 کمرشل جبکہ 2ہزار596زرعی کنکشنز اور593صنعتی صارفین کے کنکشنزبھی چیک کرکے اُن پرڈٹیکشن کی مدمیں جرمانے عائد کردئیے اوراس طرح بجلی چوری کی مدمیں اُنھیں مجموعی طور پر ایک کروڑ40 لاکھ49 ہزار733بجلی یونٹ ڈیٹیکشن چارج کیئے گئے جبکہ چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً 73کروڑ 14لاکھ روپے بنتی ہے جس میں سے کیسکونے اب تک68 کروڑ74 لاکھ روپے وصول کرلئے ہیں۔
اس کے علاوہ نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے جس کے تحت ماہ ستمبر سے اب تک کیسکونے صوبہ بھر میں مختلف نادہندہ گھریلو، کمرشل، صنعتی اور دیگر نادہندہ سرکاری اداروں سے تقریباً4 ارب 9کروڑ60لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کئے جاچکے ہیں۔
واضح رہے کہ کیسکوکی ٹیمیں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں کارروائیاں کررہی ہیں لہٰذاکیسکو نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے بقایاجات بھی اداکریں، علاوہ ازیں تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجتناب کریں اور چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔