
اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزارت توانائی (پاور ڈویژن ) نے خیبر پختونخوا میں گرڈ شٹیشنوں پر حملوں اور قبضے کے واقعات پر سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پاور ڈویژن نےپشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی(پیسکو) کے چیئرمین بورڈ کو خط لکھ دیا ہے۔
جمعرات کو پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق خط میں لکھا گیا ہے کہ گرڈ شٹیشنوں پر حملے کرنے والوں کے خلاف بلا خوف ایف آئی آرز کاٹی جائیں گی، اگر مقامی پولیس کارروائی سے کتراتی ہے تو پیسکو عملہ سیشن جج کے پاس جائے گا۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ اگر پولیس اور سیشن جج ایف آئی آر کا معاملہ حل نہ کریں تو تو پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور پشاور ہائی کورٹ سے تجربہ کار قانونی مشیر کے ذریعے حل طلب کیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے ایم پی اے اور درگئی کے تحصیل ناظم کے واقعے پر بھی کارروائی ہوگی، پیسکو کے گرڈز اور دیگر تنصیبات کی حفاظت کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی خدمات لی جائیں گی اور پاور ڈویژن وزرات داخلہ کے ساتھ معاملہ اٹھائے گی۔گرڈ سٹیشنوں پر حملہ اور قبضہ کرنے والوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی جاری کی جائیں گی اور حملوں میں ملوث افراد کو پرنٹ میڈیا پر بھی بے نقاب کیا جائے گا۔