وزارت داخلہ ارشد شریف قتل کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بدھ کو سپریم کورٹ میں پیش کریگی،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان

137

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ ارشد شریف قتل کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ(آج) بدھ کو سپریم کورٹ میں پیش کریگی،عمران خان مذاکرات کے لئے اپنا رویہ تبدیل کریں، باضابطہ مذاکرات عمران خان سے ہوں گے، مذاکرات خفیہ نہیں بلکہ عوام کے سامنے ہوں گے ،”پی ٹی آئی مکائو،ملک بچائو مہم ہم بھی شروع کریں گے” ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس زیر دفعہ 174 ضابطہ فوجداری کے تحت ارشد شریف کے معاملہ کی انکوائری کر رہی تھی، اس کے ساتھ ہی ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھی اس معاملے پر کام کر رہی تھی جس کی رپورٹ آج سپریم کورٹ میں جمع کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی رپورٹ اس کا حصہ ہوگی اور اس پر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی جو اس حوالے سے اپنی انویسٹی گیشن کا آغاز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خرم اور وقار صحافی ارشد شریف کے کیس میں باہر نہیں ہو سکتے، ان کے ساتھ اور لوگ بھی ہو سکتے ہیں، وہ اس کیس میں ملزم ہیں اور آگے جا کر ثابت ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ طارق وصی کی وساطت سے ارشد شریف مرحوم کینیا پہنچے اور وہاں جا کر یہ وقار احمد اور خرم احمد کے مہمان تھے۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے چیزیں سامنے آئیں گی، ان تینوں لوگوں کو شامل تفتیش کریں گے، جے آئی ٹی میں پولیس کے علاوہ تمام ایجنسیز کے لوگ ہوں گے اور انکو یہ بھی اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی غیر ملکی ایجنسی یا فورم کو اپنے معاملے میں شامل کر سکے اور صحیح ملزمان تک پہنچے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دن بدن بری طرح سے ناکامی کی طرف جا رہی ہے، مایوسی میں کئے گئے فیصلے کامیاب نہیں ہوتے، پی ٹی آئی کا لانگ مارچ بری طرح سے فلاپ ہوا، عوام نے ان کو مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا الیکشن ہم بھرپور طریقے سے لڑیں گے اور جیتیں گے، ہم اسمبلیاں توڑنے کے عمل کی تائید نہیں کریں گے، اسمبلیاں توڑنا غیر جمہوری عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بے رحمانہ کرپشن ہو رہی ہے، پنجاب حکومت کرپشن میں فرح گوگی کو مات دے رہی ہے، پنجاب میں کرپشن اور لوٹ مار کے نام سے عوام کو نجات دلانے کے لئے ہم ضرور قدم اٹھائیں گے، پی ٹی آئی مکائو،ملک بچائو مہم ہم بھی شروع کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صدر مملکت سے کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔