اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزارت داخلہ نے زائد از مدت ویزوں والے غیر ملکیوں سے” عام رعائیت ” کے تحت درخواستیں مانگ لیں ہیں ، بھارت اور صومالیہ کے زائد ازمدت ویزے والے شہری ایگزٹ پرمٹ کی درخواست دینے کے لئے وزارت داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں آنے کے پابند ہوں گے ۔
وزارت داخلہ کے مطابق اضافی چارجز اور قانونی کارروائی کے بغیر پاکستان میں موجود زائد از مدت غیر ملکیوں کے لئے ایمنسی سکیم دی گئی ہے ، ایسے افراد پاکستان آن لائن ویزہ سسٹم کے ذریعے اپنی درخواستیں دے سکیں گے ۔ 31 دسمبر 2022 تک درخواستیں دینے والوں کو 7 کام کے ایام کے اندر اندر ایگزٹ پرمٹ مل جائے گا جس کے ذریعے وہ پاکستان سے اپنے ممالک کو جاسکیں گے ۔
غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ فارنر ز ایکٹ 1946 کے تحت زائد ازمدت ویزے والے غیر ملکیوں کی سزا 3 سال قید ہے ، 31 دسمبر 2022 کے بعد ایک سال سےزائد ،زائد ازمدت ویزے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی اور پاکستان میں آئندہ انٹری کے لئے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا ۔