
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قدرتی ماحول کے تحفظ اور اسے بہتر بنانے کے لئے گلگت، اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر موسم بہار کے بعد مون سون شجرکاری مہم 2024 کا اہتمام کیا ہے جس کے تحت دنیا بھر میں ہوا بازی کی سرگرمیوں پر آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات کے اعتراف میں مختلف انواع و اقسام کے پودے لگائے جا رہے ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ درخت نہ صرف ہمارے ارد گرد کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ آب و ہوا کی تبدیلی کا مقابلہ کرنے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ گلگت ایئرپورٹ پر ایئر پورٹ منیجر نے آفیسر کمانڈنگ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اور اسٹیشن منیجر پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ہمراہ شجر کاری مہم کی قیادت کی جس میں چیری، انجیر، خوبانی اور لیموں کے پھلدار پودے لگائے گئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سی اے اے، پی ایچ اے اور نیسلے کے اشتراک سے شجرکاری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔ اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ نے ایئرپورٹ کے احاطے میں شجرکاری کی ایک جامع مہم کا آغاز کیا ہے جس میں اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہارٹیکلچر نرسری کی جانب سے فراہم کردہ پانچ سو پودے لگائے۔
رواں سیزن میں مختلف مقامات پر کم از کم 1500 درخت لگائے جائیں گے ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اور اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت کا خیرمقدم کیا ، ہوائی اڈے کے اندر مختلف مقامات پر اضافی ایک ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔اس بات کا اعتراف ضروری ہے کہ دنیا بھر میں ہوا بازی کی سرگرمیوں کا آب و ہوا کی تبدیلی پر نمایاں اثر پڑتا ہے اور شجرکاری ان اثرات کو کم کرنے میں ایک اہم ذریعہ ہے۔