وزارت مذہبی امور نے عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام سے منانے کےلئے تشکیل کردہ پروگراموں کی تفصیلات جاری کردیں

71

اسلام آباد ۔23اکتوبر (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے رواں سال عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام سے منانے کے لئے تشکیل دیئے گئے پروگراموں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر سیرت النبی کے موضوع پر عالمی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ اس دن ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں اور خصوصی سیرت بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔ 12 ربیع الاول کے روز اس بار بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا موضوع ”ختم نبوت اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں، تعلیمات نبوی کی روشنی میں“ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر بھی سیرت کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جس کا افتتاح گورنرز اور وزراءکے علاوہ علماءو مشائخ کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں قومی سیرت، نعتیہ کتب اور مضمون نویسی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں اور بیوہ، بے گھر افراد، خصوصی افراد اور یتیم بچوں کے لئے مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔ ٹی وی چینلز پر رسول کی تعلیمات اور افکار کے حوالے سے اخلاقی کردار سازی پر مبنی پروگرامات دکھائے جائیں گے۔