وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس (آج ) منعقد ہو گی

وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس آج ( بدھ 12 ربیع االاول کو )منعقد ہو گی۔

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس آج ( بدھ 12 ربیع االاول کو )منعقد ہو گی۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں ممتاز علما، مشائخ، دانشور، محققین اور دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔ رواں سال مقابلہ مقالات سیرت کا موضوع ’’نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے ۔ موضوع پر بہترین مقالات سیرت پیش کرنے والوں کو نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے۔ سیرت کانفرنس کے موقع پر جید علماکرام اور سکالرز بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔کانفرنس میں نوجوان نسل کو درپیش فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ سیرت النبی ﷺ نوجوان نسل کے لیے کردار سازی اور مثبت طرز زندگی کی مضبوط بنیاد ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کے فروغ کے لیے ملک گیر سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ قومی سیرت النبی ﷺ پروگرام کے تحت ملک بھر میں کانفرنسز، سیمینارز، محافل نعت اور تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ قرآن و سیرت نمائش، سیرت مقابلوں اور دیگر علمی و ادبی سرگرمیوں کا بھی انعقاد ہو گا۔ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے ذریعے سیرت النبی ﷺ کا مستند اور مثبت پیغام عام کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کا فروغ کسی ایک ادارے نہیں، پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔