وزارت منصوبہ بندی نے ایچ نائن پی ٹی وی اکیڈمی میں نیشنل فلم پروڈکشن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی

304
وزارت منصوبہ بندی نے ایچ نائن پی ٹی وی اکیڈمی میں نیشنل فلم پروڈکشن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں جلد ہی ایک جدید ترین فلم اکیڈمی قائم ہو جائے گی جس کے پی سی ون کی منظوری وزارت منصوبہ بندی نے دے رکھی ہے، اس منصوبے کے تحت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں پی ٹی وی اکیڈمی میں نیشنل فلم پروڈکشن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے،

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں اس انسٹیٹیوٹ کا افتتاح بھی کر دیا ہے ، وزارت اطلاعات و نشریات اس منصوبے کی کفالت کرنے والی ایجنسی ہے جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اس منصوبے کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت چلائے گی جس کے لیے 400 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزارت منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق اس انسٹیٹیوٹ کا بنیادی مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں فلم سازی کے مختلف شعبوں جیسے اداکاری، پروڈکشن، کیمرہ اور سنیماٹوگرافی میں مقامی فلم پروڈکشن کو بہتر بنانے اور اس کی حوصلہ افزائی کے لیے پیشہ ورانہ تربیت دی جا سکے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک کے نوجوانوں کو حکومت ایسا پلیٹ فارم فراہم کرکے فلم انڈسٹری کی بحالی پر توجہ دے رہی ہے جبکہ یہ جدید ترین فلم انسٹی ٹیوٹ ملک کے نوجوان ٹیلنٹ کو متعلقہ شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان فنکاروں کو ایسے پلیٹ فارم مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس منصوبے کے تحت مقامی فلم انڈسٹری کے لیے پری اور پوسٹ پروڈکشن کی سہولیات کے ساتھ ایک ڈیجیٹل اور جدید ترین اسٹوڈیو کمپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت فلم سازی کے فن کو فروغ دے رہی ہے کیونکہ یہ معلومات کی ترسیل اور اہم مسائل پر آگاہی پھیلانے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انسٹی ٹیوٹ فلم سازی، پروڈکشن، اداکاری اور دیگر متعلقہ پروفائلز کے شعبے میں نوجوان ٹیلنٹ کو تربیت دے گا اور نئے ٹیلنٹ کی افزائش کا مرکز بنے گا۔ ملک کے معروف اداکار سید جمال شاہ نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس اکیڈمی کے قیام کے لیے ایک زبردست قدم اٹھایا ہے جو یقینا مقامی ہنرمندوں کو انتہائی ضروری تربیت اور مہارت فراہم کرے گا اور اس کی پیداواری قدر کو بہتر بنائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس انسٹیٹیوٹ کے قیام سے نیشنل فلم فنانس فنڈ اور ملک بھر میں سینما گھروں کی تعمیر میں بھی مدد ملے گی۔فنکاروں اور فلم انڈسٹری کے اراکین نے اس اقدام کو سراہا اور اسے ایک تاریخی فیصلہ قرار دیا جو یقینا فلم انڈسٹری کا منظرنامہ بدل دے گا جبکہ مقامی ٹیلنٹ کو بہترین مواقع فراہم کرے گا۔