وزارت وفاقی تعلیم کا ایچ ایٹ ڈگری کالج کے ہاسٹل کی عمارت میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کا ذیلی کیمپس کھولنے کا فیصلہ

142
Federal Ministry of Education
Federal Ministry of Education

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے ایچ ایٹ ڈگری کالج کی غیر فعال ہاسٹل کی عمارت میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کا ذیلی کیمپس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، عمارت کی بحالی و تزئین و آرائش کا کام 3ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

وزارت تعلیم کے حکام نے بتایا کہ ایچ ایٹ ڈگری کالج ہاسٹل کی عمارت ایک طویل عرصہ سے غیر فعال اور لاوارث پڑی تھی جسے استعمال میں لاتے ہوئے اس میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کا ذیلی کیمپس کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلہ سے فیشن ڈیزائننگ میں عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے اور نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

کیمپس میں تمام تر جدید سہولیات، جدید کلاس رومز اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی جو طلباء کے سیکھنے کیلئے ایک مثالی ماحول پیدا کرے گی۔ حکام نے بتایا کہ اس فیصلہ سے طویل عرصہ سے نظر انداز شدہ عمارت کو دوبارہ کام میں لایا جا سکے گا۔