وزیرآباد، نجی تعلیمی اداروں میں کلچرڈے بڑے رنگارنگ انداز میں منایا گیا

70

وزیرآباد۔ 14 اپریل (اے پی پی):پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے زیرِ انتظام وزیرآباد کے مختلف نجی تعلیمی اداروں میں کلچر ڈے کی رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں ، طلبہ و طالبات نے روایتی لباس پہن کر پاکستانی ثقافت کی بھرپور نمائندگی کی۔روایتی کھانے ،ملبوسات اور کھیلوں نے کلچر ڈے میں خوبصورت رنگ بھر دیئے، دارارقم اسکول الہ آباد ،الفارابی ماڈل سکول ،مدنی ماڈل سکول ،حیدر میموریل ماڈل سکول ،دی ہوپ سکول سمیت دیگر اسکولوں میں تقریبات میں پنجاب کی تہذیب، روایات اور تاریخی پس منظر کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اسٹالز لگائے گئے جن میں مختلف علاقائی کھانوں، ہنر و دستکاری، موسیقی، اور کھیلوں کو پیش کیا گیا۔ طلبہ و طالبات نے سفید شلوار قمیض، لنگی، اجرک، پگڑی، کھسہ اور دیگر علاقائی ملبوسات پہن کر نہ صرف اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا بلکہ ایک منفرد رنگ بھی تقریب کو بخشا۔ طالبات کی جانب سے چوڑیوں،

روایتی زیورات اور ہاتھ کی مہندی نے تقریب کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا۔اس موقع پر اسکولز کے سربراہان اور اساتذہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نئی نسل کو اپنی جڑوں سے جوڑنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت مختلف رنگوں، زبانوں اور تہذیبوں کا حسین امتزاج ہے جسے زندہ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رب نواز چدھڑ،ڈی او ایلمنٹری سید سبطین مظہر ،اے ای او آفتاب صادق چیمہ ،شہباز احمد چیمہ ،مقصود احمد چیمہ ،امتیاز احمد نے گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 6 گکھڑ میں مختلف اسکولوں کی جانب سے لگائے گئے رنگا رنگ اسٹالوں کا معائنہ کیا اور اساتذہ و طلبہ کی شاندار کاوشوں کو سراہا مہمانوں نے بھی پنجاب کے روایتی ملبوسات اور پگڑیاں زیب تن کر رکھی تھیں ۔