وزیراعطم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کا انعقاد ، گھوٹکی ٹرین حادثے کے شہدا اور کینیڈا میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی

92

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعطم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں گھوٹکی ٹرین حادثے کے شہدا اور کینیڈا میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر اطلاعات اور مشیر برائے پارلیمانی امور نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق رائے دہی کا اختیار دینے کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس کی جانب سے کابینہ کو ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر قانون نے کریمنل لاءریفارمز (فوجداری قوانین اصلاحات) کے حوالے سے پیشرفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے وزیر قانون اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ کابینہ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ادا شدہ سرمایہ اور شیئر کیپیٹل میں اضافے کی تجویز منظور کرلی۔ کابینہ نے فرسٹ وومن بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز اور چئیرمین کی تعیناتی کی منظوری دی۔ ان میں نجیب آگرہ والا (چئیرمین)، بشریٰ احسان، صبیحہ سلطان، اکبرعلی، وجاہت رسول خان اور نغمانہ عالمگیر ہاشمی شامل ہیں۔

کارلٹن ہوٹل کراچی کی اراضی کو اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لئے برو ئے کار لانے اور پاکستان کوارٹرز اور جمشید کوارٹرز کراچی کی ریجنریشن پلان کی منظوری کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے عامر محی الدین (بی ایس 20، سیکرٹیریٹ گروپ)کو چیف ایگزیکیٹو آفیسر پاکستان ہاو سنگ اتھارٹی فاو نڈیشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ کے لئے رولز کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوا دیئے۔ کابینہ نے جسٹس (ر) ضیاءپرویز کو کمیشن آف انکوائری برائے لاپتہ افراد میں بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ یاد رہے کہ جسٹس (ر) ڈاکٹر غوث محمد کی وفات (27 دسمبر 2020ئ) کے بعد یہ اسامی خالی ہوئی تھی۔ پاکستان کوسٹ گارڈ فاو ¿نڈیشن کے قیام کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے عمر حبیب لودھی کو منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کوماضی میں مالی خسارے کا سامنا رہا تھا۔

موجود حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل دس ارب سے بڑھ کر سو ارب تک چلی گئی ہے اور ادارہ آپریٹنگ پرافٹ میں یعنی منافع کما رہا ہے۔ کابینہ نے قومی ترانے کو جدید طرز پر ڈھالنے کے لئے (اینا لاگ سے ڈولبی ایٹمز ٹیکنالوجی سے ڈیجیٹل کرنے) کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔ کابینہ نے وزارتِ اطلاعات کی جانب سے پیش کی جانے والی اس تجویز کو بھی منظور کیا کہ پی ٹی وی سپورٹس پر سیریز اے چیمپیئن شپ 2018-19ءپاکستان بمقابلہ بنگلا دیش 2020ءکرکٹ میچز دکھانے کے ضمن میں پی ٹی وی کی جانب سے سونی پکچرز نیٹ ورک کو واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں کر دی جائیں تاہم کابینہ نے پاکستان انگلینڈ میچز کے حوالے سے پی ٹی وی کو استشنیٰ دینے کی تجویز مسترد کر دی۔

وفاقی کابینہ نے مبشر حسن (انفارمیشن گروپ آفیسر) کو منیجنگ ڈائریکٹر ’’اے پی پی ‘‘تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے تاجکستان کو کورونا وباءکا مقابلہ کرنے کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کی منظوری دی۔ اس سامان میں پی پی ای کٹس وغیرہ شامل ہوں گی۔ کابینہ نے نوید اسمعیل کو کے الیکٹرک بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 21 مئی2021ئ، 26 مئی 2021ءاور 2 جون 2021ءمیں لئے گئے فیصلوں پر غور کیا اور ان کی توثیق کی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کے دوران معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کورونا وباءکے دوران ایک کروڑ ستر لاکھ مستحق خاندانوں میں نہایت شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم پر بریفنگ دی اور احساس کیش پروگرام کی دوسری قسط کے بارے میں بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو معاونت فراہم کرنے کے ضمن میں پاکستان کی جانب سے شروع کیا جانے والا پروگرام دنیا کا تیسرا بڑا پروگرام ہے۔

پہلے نمبر پر جاپان، دوسرے پر امریکہ اور تیسرے نمبر پر پاکستان کا احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹس کا معاملہ جو کہ ایک طویل عرصے سے حل طلب تھا، کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں اور آئندہ چھ ماہ میں نیٹ ہائیڈل پرافٹس کی ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 21 مئی 2021ءکے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 2 جون2021ءکے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے ٹیلیفون انڈسٹریز آف پاکستان کو نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ٹرانسفر کرنے کی منظوری دی۔ اس حوالے سے پیش آنے والے معاملات کے حل کے لئے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کابینہ نے طارق ملک کو چئیرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی۔ طارق ملک اس سے پہلے بھی نادرا کے چئیرمین رہ چکے ہیں۔