وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لے لیا،20 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان

133
Prime Minister of Azad Kashmir

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لے لیا ، انہوں نے اے کے این ایس کے لئے 20 لاکھ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق چوہدری انوارالحق نے حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قلم میں اختیار ہے ایک ہی مشن ہے مخلوق خدا کی بھلائی کے لئے کام کرنا ، صحافیوں کی فلاح و بہبود کےلئے حکومت تمام وسائل مہیا کرے گی۔

وزیر اعظم اے جے کے نے کہا کہ اے کے این ایس کے پلیٹ فارم سے ایک ڈسپلنری کمیٹی بنائیں جو کام کرے،خبریت کے نام پر شہریوں کی عزت و وقار کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ لازوال رشتہ ہے جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہے،ریاست کے آئینی نظام کو خطرے میں ڈالنے اور پاکستان کے ساتھ رشتے کو کمزور کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی،نظریہ پاکستان شرط اول ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں تحریک آزادی کشمیر سے جڑا رہنے اور تحریک تکمیل پاکستان کی منزل کو حاصل کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزرا حکومت فیصل ممتاز راٹھور،چوہدری محمد اخلاق، پیر مظہر سعید شاہ، محمد اکمل سرگالہ،چوہدری اظہر صادق اور دیوان علی خان چغتائی،عبدالماجد خان،سردار عامر الطاف خان، جاوید بٹ،چوہدری اکبر ابراہیم،امتیاز نسیم اور صحافیوں کی کثیر تعداد بھی اس موقعے پر موجود تھی۔