اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم آفس نے وزارت کامرس اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو معذور افراد کی آمدنی اور ان کے زیر استعمال اشیاءپر ٹیکس کی چھوٹ کے حوالہ سے متعدد شعبوں میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ اقدام وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم پاکستان سٹیزن پورٹل کی عوامی فلاح و بہبود اور گڈ گورننس میں معاونت کے سلسلہ میں اٹھایا گیا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم آفس نے پنجاب کے پسماندہ علاقہ سے تعلق رکھنے و الے ایک غریب شہری کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے معذور افراد کی آمدنی اور ان کے زیر استعمال اشیاءپر ٹیکس کی چھوٹ کے حوالہ سے متعدد شعبوں میں سفارشات طلب کر لی ہیں جبکہ وزارت کامرس اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو 30 دن میں سفارشارت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سفارش کی گئی ہے کہ ویل چیئر، مصنوعی اعضاءسمیت معذور افرادکے استعمال میں آنے والی تمام اشیاءپر ڈیوٹی ٹیکس کی چھوٹ دی جائے۔ مخصوص افراد کے کوٹہ پر بھرتی تمام سرکاری ملازمین، جن کو کوئی شدید عذر لاحق ہو، ایسے افراد کی آمدنی پر ٹیکس کی چھوٹ دی جائے۔ تمام بیوہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل نہ صرف شکایات کے ازالہ کا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ شہریوں کی طرف سے موصول تجاویز کو عملی جامہ پہنانے میں بھی مدد گار ثابت ہو رہا ہے۔