اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آزادی اظہار پر کامل یقین رکھتے ہیں اور صحافت پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کریں گے، جعلی اطلاعات آج بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔
منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جعلی اطلاعات آج بڑا چیلنج بن چکی ہیں، اطلاعات کا نظام یکطرفہ اور متنازعہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتان تراشی کے تدارک کے قوانین کی مضبوطی اور پیشہ وارانہ صحافت کے فروغ کے ذریعے جعلی خبروں سے نمٹنا ہوگا، جعلی خبروں کی نشاندہی کیلئے الگورتھم اور کراؤڈ سورسنگ جیسی ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جاسکتا ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آزادی اظہار پر کامل یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم آزادی صحافت پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور میں درج ہے کہ ہم بھرپور آزادی کے حامل میڈیا کے حامی ہیں، ہمارا اعتقاد ہے کہ میڈیا ذمہ دارانہ صحافت یقینی بنانے کیلئے اپنے لئے قواعد وضع کرے گا۔