وزیراعظم آزادی رائے یا آزادی صحافت پر کسی قسم کی قدغن نہیں لگائیں گے، فیک نیوز کے سدباب کیلئے کاوشیں ناگزیر ہیں، سینیٹر فیصل جاوید خان

کپتان اپنی قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، سینیٹر فیصل جاوید خان

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آزادی رائے یا آزادی صحافت پر کسی قسم کی قدغن نہیں لگائیں گے، فیک نیوز بڑا مسئلہ ہے اس کے سدباب کیلئے کاوشیں ناگزیر ہیں، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل پر تمام فریقین کو آئندہ اجلاس میں مدعو کریں گے۔

پیر کو پی ایم ڈی اے پر سینٹ کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی اے پر قائمہ کمیٹی تب جواب دے گی جب مسودہ سامنے رکھا جائے گا ، قائمہ کمیٹی کے سامنے پی ایم ڈی اے کا بل ابھی تک نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی ایک قانون ساز فورم ہے، وہ قانون سازی پر رائے دے سکتی ہے، ابھی تک صرف کانسپٹ پیپر دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی اگلی نشست پر تمام سٹیک ہولڈرز کو بلایا جا رہا ہے ،

وزیراعظم عمران خان کبھی بھی آزادی رائے یا آزادی صحافت پر کسی قسم کی قدغن نہیں لگائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزارت اطلاعات کو اپنے ردعمل اور سفارشات سے آگاہ کیا ہے ، پی ایم ڈی اے پر کئی ٹیکنیکل سوالات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیا بہت سے اچھے مقاصد جو پی ایم ڈی اے میں شامل کئے گئے ان کا حصول اس انضمام کے بغیر ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فیک نیوز ایک بڑا مسئلہ ہے ، اس کے سدباب کے لئے کاوشیں کرنا ناگزیر ہے، اس حوالہ سے قوانین کو مضبوط اور مقدمات کے جلد از جلد نمٹانے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، چاہتے ہیں کہ تمام صحافتی تنظیموں، میڈیا ورکرز کی رائے اور مشورے سامنے لائے جائیں ، آزادی صحافت کے فروغ اور میڈیا کی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ، پی ایم ڈی اے کی اچھی چیزوں کو سراہنا چاہئے اور اصلاح کے لئے لچک دکھانا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ قانونی مسودے کو جلد از جلد سامنے لانے کی استدعا کی ہے تاکہ اپنا باضابطہ ردعمل دے سکیں ۔