وزیراعظم اپنا گھر پروگرام تک رسائی مزید آسان، این بی ایف سیز بھی اسکیم کا حصہ بن گئیں
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام تک رسائی مزید آسان، این بی ایف سیز بھی اسکیم کا حصہ بن گئیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی تجویز پر وفاقی حکومت نے قرض فراہم کرنے والی نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (این بی ایف سیز) کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
این بی ایف سیز کے شامل ہونے سے اب روایتی بینکاری سہولیات تک محدود رسائی رکھنے والے افراد بھی آسان شرائط پر اپنے گھر کی تعمیر و خریداری کے لیے آسان شرائط پر قرض حاصل کر سکیں گے۔
ہفتہ کو ایس ای سی پی سے جاری بیان کے مطابق نان بینکنگ ہاوسنگ فنانس کمپنیاں اور انوسٹمنٹ فنانس کمپنیاں ایک کروڑ روپے جبکہ مائیکرو فنانس کمپنیاں پچاس لاکھ روپے تک قرض فراہم کر سکیں گی۔ وزیر اعظم کی اپنا گھر اسکیم کے مطابق یہ قرض صرف پانچ فیصد مارک اپ پر 20 سال کے لیے دیا جائے گی۔
این بی ایف سیز کی شمولیت سے شہریوں کو سستے گھریلو قرضوں تک آسان رسائی اور مزید مواقع دستیاب ہوں گے۔ وسیع نیٹ ورک اور ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے این بی ایف سیز کم سہولت یافتہ طبقات تک ہاؤسنگ فنانس پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والے اہل افراد 20 سال تک کی مدت کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر سکتے ہیں۔
اس اسکیم کے تحت حکومت پہلے 10 سال کے لیے صرف 5 فیصد شرح منافع پر قرض کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ ایس ای سی پی نے این بی ایف سیز کی اسکیم میں مؤثر شمولیت کے لیے جامع ریگولیٹری فریم ورک جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اہل این بی ایف سیز اپنے وسائل سے یا دیگر این بی ایف سیز، کمرشل بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے اشتراک سے ہاؤسنگ فنانس فراہم کر سکیں گی۔
ایس ای سی پی نے اس حوالے سے اہلیت کے معیار، آپریشنل طریقہ کار، محتاط مالیاتی تقاضوں اور نگرانی کے نظام سے متعلق تفصیلی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں تاکہ اسکیم کے تحت ذمہ دارانہ اور پائیدار قرض فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایس ای سی پی مالی شمولیت کے فروغ اور جدید مالی سہولیات کے ذریعے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے لیے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت بنانے میں معاون کردار ادا کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔







