وزیراعظم سے بحرین کی مجلس النواب کے سپیکر احمد بن سلمان ال مسالم کی قیادت میں 11 رکنی پارلیمانی وفد کی ملاقات، بحرین کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، شہباز شریف

187
Prime Minister
Prime Minister

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں، عوامی رابطوں کے فروغ کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں، پاکستان، بحرین اور امت مسلمہ غزہ اور فلسطین میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی امداد کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بحرین کی مجلس النواب (کونسل آف ریپریزنٹیٹیوز) کے سپیکر احمد بن سلمان ال مسالم کی قیادت میں 11 رکنی پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کے استحکام کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں، ایسے اقدامات سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں موجود پاکستانی مختلف شعبوں میں انتہائی اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان اور بحرین کے موجودہ تجارتی حجم کو مزید بڑھانے پر زور بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، بحرین اور پوری امت مسلمہ غزہ اور فلسطین میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی امداد کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔