
اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سری لنکا کے صدر متری پالا سری سینا نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی دستاویزات پر دستخطوں کی تقریب شرکت کی ۔ اس موقع پر پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی اور سری لنکا کے بین الاقوامی ڈپلومیٹک تربیتی انسٹی ٹیوٹ، وزارت بین الصوبائی رابطہ پاکستان اور سری لنکا کی وزارت قومی پالیسیاں و اقتصادی امور کے مابین نوجوانوںکی ترقی کے شعبے میں تعاون کی دستاویز اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی پاکستان اور سری لنکا کے انسٹی ٹیوٹ برائے ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن کے مابین مفاہمت کی دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کو 10 کارنیا بھی پیش کئے جو بصارت سے محروم افراد کے لئے عطیہ کئے جائیں گے۔