اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کی ضروریات کے پیش نظر توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس مقصد کے لئے تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کے ساتھ ساتھ انرجی مکس کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے، ملک میں نئے ذخائر کی دریافت سے …
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس اینڈ آئل شو 2017ءکی اختتامی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کی ضروریات کے پیش نظر توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس مقصد کے لئے تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کے ساتھ ساتھ انرجی مکس کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے، ملک میں نئے ذخائر کی دریافت سے درآمدات میں کمی آئے گی اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وہ تیل اور گیس کے حوالے سے سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس اینڈ آئل شو 2017ءکی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کانفرنس اور آئل شو کے شرکاءکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمیں ایک دوسرے کے نالج اور تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے عرصہ میں تیل و گیس کے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اور ہم ملکی ضروریات کے پیش نظر ذخائر برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جی ڈی پی کی شرح نمو گزشتہ مالی سال میں 5.3 فیصد رہی جبکہ رواں سال کے لئے اس کا ہدف 6 فیصد رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند شرح نمو کے لئے توانائی کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پاکستان کو اپنا انرجی مکس بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انرجی مکس کو بہتر بنانے کے لئے تھر کوئلہ سے استفادہ کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ قابل تجدید توانائی سمیت تمام وسائل کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تیل و گیس کمپنیوں کو بہترین مواقع میسر ہیں، ترقی کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے تیل و گیس کے زیادہ وسائل درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تیل کے شعبے میں 10 فیصد سے زائد ترقی کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 9 ملین ٹن ایل این جی درآمد کر رہے ہیں جبکہ اگلے تین سال میں 20 ملین ٹن ایل این جی درآمد کی جائے گی۔








