وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نجی ٹی چینل کو انٹرویو

اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ زینب کا واقعہ بہت ہی دردناک واقعہ ہے،اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے، کل شام تک کی میری معلومات کے مطابق پنجاب پولیس اس ضمن میں اپنے تمام تر دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے اور ڈی این اے بیسڈ تحقیقاتی عمل جاری ہے جس میں کچھ ایسے اہم شواہد ملے ہیں جن پر …

اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ زینب کا واقعہ بہت ہی دردناک واقعہ ہے،اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے، کل شام تک کی میری معلومات کے مطابق پنجاب پولیس اس ضمن میں اپنے تمام تر دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے اور ڈی این اے بیسڈ تحقیقاتی عمل جاری ہے جس میں کچھ ایسے اہم شواہد ملے ہیں جن پر مذید گرفتاریاں ہوئی ہیں اس لیے امید ہے کہ دستیاب شواہد پر بہت جلد قصور واقعے میں ملوث شخص یا لوگوں کو پکڑا لیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر میری وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بات ہوتی ہے،جو ذاتی طور پر اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں، پولیس کے اعلیٰ افسران 24 گھنٹے قصور میں موجود ہیں، آئی جی پنجاب بھی دن کا زیادہ تر حصہ وہیں گزارتے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی قصور کے کئی دورے کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈور ٹو ڈور تلاشی لی گئی ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج مل چکی ہے اور روڈ بھی ٹریک ہو چکا ہے اس لیے مجھے قومی امید ہے کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر اس گھناﺅنے فعل کا مرتکب شخص جلد ہی پکڑا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی شبہ نہیں کہ اس گھناﺅنے فعل کا مرتکب شخص ایک سیریل مجرم ہے کیونکہ پچھلے متاثرین کے ساتھ بھی اس شخص کا ڈی این اے میچ ہو گیا ہے،ملزم تک پہنچنے میں ریاست کے پورے وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، ایک ویڈیو بھی موجود ہے، فوٹیج بھی موجود ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں مشکلات پیش آ رہی ہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ بہت جلد ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔