
نیویارک ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہوئی،دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں علاقائی امن اور سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار، ثقافت، تاریخ، باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین روابط سٹریٹجک شراکت داری میں بدل گئے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔