اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام کو صحت، تعلیم، روزگار کے مواقع جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے یہ بات سندھ مدرسة الاسلام یونیورسٹی، گورنمنٹ سکولز لوئر ٹوپہ، لارنس کالج، سلک حطار اور اسلام آباد ماڈل سکول برائے طالبات سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کے دو الگ الگ وفود سے گفتگو کرتے …
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طالب علموں کے دو الگ الگ وفودسے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام کو صحت، تعلیم، روزگار کے مواقع جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے یہ بات سندھ مدرسة الاسلام یونیورسٹی، گورنمنٹ سکولز لوئر ٹوپہ، لارنس کالج، سلک حطار اور اسلام آباد ماڈل سکول برائے طالبات سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کے دو الگ الگ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم معاشرہ کی ترقی کی کلید ہوتی ہے اور تعلیم کے ذریعے ہی نوجوانوں کو زندگی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور معاشرہ کی ترقی کیلئے اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ یہ ملاقات نوجوانوں سے وزیراعظم کے رابطہ پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں کو وزیراعظم آفس مدعو کرکے ملک کے اعلیٰ دفاتر کے امور کار کے بارے میں آگاہی دی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں تعلیم کا معیار بلند کرنے کیلئے نصاب میں ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم کا شعبہ صوبوں کو تفویض کر دیا گیا ہے تاہم وفاقی حکومت تعلیمی شعبہ کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کر رہی ہے۔ ایک طالب علم کی طرف سے کئے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے جمہوری نظام کا تسلسل ناگزیر ہے۔ انہوں نے طالب علموں کو تاکید کی کہ وہ قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے بہترین تعلیم کے حصول کیلئے سخت محنت کریں کیونکہ باصلاحیت نوجوان پاکستان کا مستقبل اور قومی خوشحالی کی منزل کے حصول کی امید ہیں۔







