پولیو کے خاتمے ومعمول کی حفاظتی ٹیکہ جات حوالے 22 ترجیحی اضلاع کے انتظامی آفیسرز کے لئے خصوصی سیشن کا انعقاد

پولیو کے خاتمے ومعمول کی حفاظتی ٹیکہ جات حوالے 22 ترجیحی اضلاع کے انتظامی آفیسرز کے لئے خصوصی سیشن کا انعقاد

پشاور۔ 27 اگست (اے پی پی):ایمرجنسی آپریشنز سینٹر خیبر پختونخوا نے یونیسف کے تعاون سے ایک آگاہی اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ میں صوبے کے 22 ترجیحی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد پولیو کے خاتمے، معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات اور مربوط سروس کی فراہمی بارے اضلاع کی سطح حکمت عملیوں کو مضبوط بنانا تھا۔

ورکشاپ کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد شرکاء کو پولیو کے خاتمے کے پروگرام، ان کی ذمہ داریوں، درپیش مشکلات، طریقہ کار (ایس او پیز)، مہم کی منصوبہ بندی اور ضلعی سطح کی حکمت عملی بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس تقریب میں سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا، این ای او سی کوآرڈینیٹر، روٹری پولیو پلس کمیٹی کے چیئرمین، سی ڈی سی ایڈوائزر، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ٹیم لیڈ، این ای او سی کے ٹیکنیکل فوکل پرسن، 22 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ای او سی کی کور ٹیم نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے آن لائن ورکشاپ میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر مضبوط قیادت، ذمہ داری اور نگرانی پولیو کے خاتمے کے لیے بہت ضروری ہے۔سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا فیاض علی شاہ نے کہا کہ ضلعی سطح پر سب کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں تاکہ ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچ سکیں۔ایڈیشنل سیکرٹری صحت اور کوآرڈینیٹر ای او سی شفیع اللہ خان نے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے پروگرام کی اہم ترجیحات، ضلعی ٹیموں کی ذمہ داریوں، مہم کی منصوبہ بندی، مشکلات کے حل، ایس او پیز پر عمل درآمد اور ضلعی انتظامیہ، ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز، صحت کی ٹیموں اور دیگر اداروں کے درمیان کوآرڈینیش مضبوط بنانے پر روشنی ڈالی۔سی ڈی سی ایڈوائزر ڈاکٹر رانا صفدر، این ای او سی کے ٹیکنیکل فوکل پرسن ڈاکٹر الطاف بوسان اور ڈبلیو ایچ او کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر صغیر نے بھی اپنے خیالات پیش کیے۔

انہوں نے مؤثر منصوبہ بندی ضلعی سطح پر ٹیم ورک اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مربوط طریقے سے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔یاد رہے کہ یہ ورکشاپ باجوڑ، بنوں، چارسدہ، ڈی آئی خان، دیر لوئر، دیر اپر، ہنگو، کرک، خیبر، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، مانسہرہ، مردان، مہمند، شمالی وزیرستان، اورکزئی، پشاور، جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر، ٹانک اور تورغر کے ڈپٹی کمشنرز کے لئے خصوصی ترتیب دیا گیا تھا۔

مزید خبریں