وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیرِ دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، پاکستان اور کویت کے درمیان "پروٹوکول معاہدہ 2026” پر دستخط

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے کویت کے وزیرِ دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وزارتِ دفاع کے دفتر میں ملاقات کی

راولپنڈی۔27اگست (اے پی پی):وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے کویت کے وزیرِ دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وزارتِ دفاع کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریان بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔جمعرات کو وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان "پروٹوکول معاہدہ 2026” پر دستخط کئے گئے جس سے "دفاعی تعاون کے معاہدے 2023” کے تحت قائم موجودہ عسکری تعاون کے ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی۔

نئے معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویت کی مسلح افواج کو تربیت، استعداد کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طے شدہ شعبوں سمیت مختلف امور میں معاونت فراہم کریں گی۔یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کی بنیاد بننے والے گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں فریقین نے باہمی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام کے لئے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں