پی ٹی اے اور این سی سی آئی اے کاگلگت میں غیر قانونی سمز کے ذریعے بیلنس ری چارجنگ کے خلاف مشترکہ اقدام

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس گلگت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)، گلگت کے قریبی تعاون سے این ایل آئی مارکیٹ کے عقب میں واقع ایک رہائشی عمارت میں قائم غیر قانونی سیٹ اپ کے خلاف کامیاب چھاپہ مارا

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس گلگت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)، گلگت کے قریبی تعاون سے این ایل آئی مارکیٹ کے عقب میں واقع ایک رہائشی عمارت میں قائم غیر قانونی سیٹ اپ کے خلاف کامیاب چھاپہ مارا۔ مذکورہ سیٹ اپ غیر قانونی طور پر جاری کردہ سمز کے ذریعے موبائل بیلنس ری چارج میں ملوث تھا۔جمعرات کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان کو حاصل ٹیکس استثنیٰ سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے لئے سمز کا غلط استعمال کرتے ہوئے دور دراز علاقوں میں موبائل اکاؤنٹس میں بیلنس ری چارج کیا جا رہا تھا۔

اس نوعیت کی غیر قانونی سرگرمیاں نہ صرف سمز کے اجراء اور استعمال سے متعلق ریگولیٹری فریم ورک کی خلاف ورزی ہیں بلکہ قومی خزانے کے لیے بھی مالی نقصان کا باعث ہیں۔چھاپے کے دوران ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ 75 موبائل فونز اور 600 فعال سمز قبضے میں لے لی گئیں۔ این سی سی آئی اے کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔یہ چھاپہ پی ٹی اے کی متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی سمز کے اجراء اور غلط استعمال کی روک تھام کے لئے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ پی ٹی اے اس ضمن میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے اپنے اقدامات کا تسلسل جاری رکھے گا۔

مزید خبریں