36.6 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم شہبازشریف کا دورہ مصر :شرم الشیخ میں کوپ۔27 کلائمیٹ ایمپلی منٹیشن...

وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ مصر :شرم الشیخ میں کوپ۔27 کلائمیٹ ایمپلی منٹیشن سمٹ اور اعلیٰ سطح کی تقریبات میں شرکت، مختلف عالمی رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں

- Advertisement -

شرم الشیخ۔8نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے 7 اور 8 نومبر 2022ء کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں کوپ۔27 کلائمیٹ ایمپلی منٹیشن سمٹ میں شرکت کی۔ اپنے دو روزہ دورہ کے دوران وزیراعظم نے کئی اعلیٰ سطح کی تقریبات میں شرکت کی۔ مختلف لیڈروں سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں جبکہ اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اور بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم کے ساتھ وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیریں رحمن، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید فہد حسین اور سید طارق فاطمی بھی شامل تھے۔

ماحولیاتی تبدیلیوں بارے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم نے ناروے کے وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کی گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد اور اپنی میزبانی میں منعقدہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو میں بھی شرکت کی۔ وہ ماحولیات سے متعلق ”نقصانات و ضیاع پر اقدام اور تعاون کو بڑھانے اور ماحولیاتی خطرات کے حوالے سے عالمی ڈھال” کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطح کی بریک فاسٹ تقریب میں بھی شریک ہوئے جس کی جرمنی کے چانسلراور گھانا کے صدر نے مشترکہ میزبانی کی۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے سمٹ میں قومی بیان بھی دیا۔ وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں پاکستان جوماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور خاص طور پر حالیہ موسمیاتی سیلابوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے قومی نکتہ نظر مضبوطی کے ساتھ پیش کیا اور عالمی رہنمائوں کو ماحولیات کے حوالے سے پاکستان کی پائیدار انداز میں تعمیر نو کی کاوشوں میں تعاون کی دعوت دی۔ ماحولیاتی کنونشن کے وضع کردہ اصولوں کی رہنمائی میں فوری طور پر ماحولیاتی اقدام کیلئے بین الاقوامی تعاون پرزور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی کانفرنس کے ٹھوس نتائج برآمد ہونے چاہئیں اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے جرات مندانہ فیصلے کئے جائیں۔

کانفرنس کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک میں موافقت کی حامل ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تیزرفتار اور متوقع مالی وسائل کی فوری ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے موسمیات سے پیدا ہونے والے نقصان اور اس سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ کی سہولت پرزور دیا اور کوپ ایجنڈے کے تحت نقصانات اور ضیاع کی روک تھام کیلئے فنڈنگ کے انتظامات پر باضابطہ طور پر معاہدے کا خیر مقدم کیا جو ایک کلیدی مقصد ہے جس پر پاکستان گروپ 77 کے چیئرمین کے طور پر عمل پیرا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کئی عالمی رہنمائوں کے ساتھ رسمی اور غیر رسمی بات چیت کی جن میں سعودی عرب ولی عہد اور وزیراعظم، جرمن چانسلر، مصری صدر اور ناروے کے وزیراعظم شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ اور کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کیلئے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی اور کوپ۔27 میں پاکستان کے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہی کیلئے پاکستان پویلین میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ کوپ۔27 کی باقاعدہ سرگرمی 18 نومبر 2022ء تک جاری رہے گی۔ گروپ 77 کے صدر نشیں کی حیثیت سے پا کستان موسمیاتی تبدیلی بشمول ماحولیاتی فنانس، موافقت ، تخفیف اور استعداد کار کے حوالے سے بات چیت میں ترقی پذیر ممالک کی قیادت کر رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=336445

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں