وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے

مزید خبریں
تہران۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورہ ایران پر تہران پہنچ گئے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مہرآباد ایئر پورٹ پر ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی تہران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف تہران میں ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری، وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ارکان پارلیمان وزیراعظم کے ہمراہ آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔








