پاکستانی جامعات کے تدریسی و فیکلٹی اراکین کیلئے ایس این یو کے پریذیڈنٹ فیلوشپ سکالرشپ پروگرام برائے سپرنگ 2027 کے تحت درخواستیں طلب
پاکستانی جامعات کے تدریسی و فیکلٹی اراکین کیلئے ایس این یو کے پریذیڈنٹ فیلوشپ سکالرشپ پروگرام برائے سپرنگ 2027 کے تحت درخواستیں طلب

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستانی جامعات کے تدریسی و فیکلٹی اراکین کے لئے جنوبی کوریا کی ممتاز سیول نیشنل یونیورسٹی (ایس این یو ) کے پریذیڈنٹ فیلوشپ (ایس پی ایف) سکالرشپ پروگرام برائے سپرنگ 2027 کے تحت درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ سکالرشپ جمہوریہ کوریا کی سیول نیشنل یونیورسٹی کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے جس کے لئے صرف پاکستانی فیکلٹی ممبران درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواستیں 6 جولائی سے 9 جولائی 2026 تک جمع کرائی جا سکیں گی۔
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ وہ اس سکالرشپ کی معلومات صرف سرکاری سفارتی ذرائع سے موصول ہونے کے بعد عام کر رہا ہے جبکہ امیدواروں کے انتخاب، داخلے اور سکالرشپ کی منظوری کا مکمل اختیار سیول نیشنل یونیورسٹی کے پاس ہوگا۔ اعلان کے مطابق سکالرشپ کے تحت ترقی پذیر ممالک کی جامعات میں خدمات انجام دینے والے ایسے تدریسی و تحقیقی فیکلٹی اراکین درخواست دے سکتے ہیں جو پی ایچ ڈی کی ڈگری نہیں رکھتے اور سیول نیشنل یونیورسٹی میں سپرنگ 2027 سیشن کے لئے پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ حاصل کرنے کے اہل ہوں۔
منتخب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، فضائی سفر اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ایچ ای سی نے دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست دینے سے قبل اہلیت، شرائط اور درخواست کے طریقہ کار کا بغور مطالعہ کریں اور مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواست جمع کرائیں۔







