وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کی ٹیلی فونک گفتگو، عید کی مبارک باد دی

120

لاہور۔7جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک دوسرے کو ٹیلی فون پر عید کی مبارک باد دی۔دونوں رہنماؤں نے حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی تبادلہ خیال کیاہے۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم نے دو ماہ قبل عید الفطر کے موقع پر شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کیا اور پاکستان کے اردن کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کے نقطہ نظر کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں جاری صورتحال بالخصوص فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی انتہائی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا۔