ایبٹ آباد۔ 23 مارچ (اے پی پی):سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹر وے کا شملہ ہل انٹرچینج ایبٹ آباد کے عوام کے لیے مسلم لیگ (ن) کا تحفہ ہے جس کا باقاعدہ ٹینڈر بھی ہو چکا ہے،یہ منصوبہ 2024-2025 کی اے ڈی پی میں شامل ہے، 50 کروڑ روپے بھی منظور ہیں،تخمینہ لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا،اپریل میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف منصوبہ کا خود افتتاح کریں گے۔
اتوار کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے منصوبہ پر سیاست چمکا رہےہیں،کسی کے خط لکھنے سے اتنا بڑا منصوبہ نہیں ملتا ۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے کے شملہ ہل انٹرچینج کا مطالبہ ہم نے 2023 میں مانسہرہ میں وزیراعظم کے جلسے میں کیا تھا۔
اس وقت وزیراعظم نے منصوبے کا اعلان کیا تھا اور اس منصوبے کی پھر فیزیبلٹی رپورٹ تیار ہوئی ،ٹینڈر بھی ہو چکا ہے اور لینڈ ایکوزیشن کے لیے 9کروڑ روپے رکھے گئے تھے جو اب 80 کروڑ ہو گئے ہیں ۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپریل کے مہینہ میں ایبٹ آباد کا دورہ کرکے انٹرچینج کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575628