وزیراعظم شہباز شریف سیکا کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آج قزاخستان روانہ ہوں گے

موسم سرما میں سیلاب متاثرین کو چھت فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، مخیر حضرات اس کام میں حکومت کا ساتھ دیں،وزیراعظم محمد شہبازشریف

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سیکا کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آج (بدھ کو) اب سے کچھ دیر میں قزاخستان کے لیے روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف ایشیا میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات پر کانفرنس کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کچھ دیر میں قزاخستان کے لیے روانہ ہوں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف 13،12 اکتوبر 2022 کو قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں سیکا( CICA )کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام پر مشتمل وفد وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہو گا۔ وزیر اعظم 13 اکتوبر 2022 کو سیکا کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

وہ مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایشیا بھر کے ممالک کے درمیان بات چیت، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد فورم کے طور پرسیکا کی اہمیت کو واضح کریں گے۔

وزیراعظم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کو بھی اجاگر کریں گے۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر، وزیر اعظم مختلف سیکا کے رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے جن کا مقصد ان ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔