وزیراعظم شہباز شریف سے انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیلی کمیونیکیشن، خوراک، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے اپنی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیاہے۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو وزیر اعظم آفس میں انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی سے ملاقات کی، پاکستان میں جاپانی سفیر مٹسوہیرو واڈا بھی ملاقات میں موجود تھے۔1989 سے پاکستان میں انڈس موٹر کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے لوکلائزیشن، نئی مصنوعات کی حوصلہ افزائی اور نئی ٹیکنالوجیز جیسے کہ ہائبرڈ اور الیکٹرک وہیکلز کو جلد متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔

حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے جاپانی فریق پر زور دیا کہ وہ ایسے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھائیں۔قبل ازیں وزیراعظم سے جاپان کی سرکردہ کمپنیوں کے وفد نے بھی ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم نے جاپان کے ساتھ خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، ٹیلی کمیونیکیشن، خوراک، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے اپنی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وزیر توانائی خرم دستگیر، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جس کا مقصد پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کرناہے۔