پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ٹویٹ

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔ وزیراعظم نے اتوار کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ میرے عزیز بھائی سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، ان سے ملاقات اور تبادلہ خیال کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نےسعودی وزیر دفاع کو پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی گراں قدر خدمات پر ملک کا سب سے بڑا سول ایوارڈ “نشانِ پاکستان” حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان کے ذریعے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات بھی پہنچائیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔