اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیاہے۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کرکے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام باالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے کہا ہے شدید بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغری برپا کی ہے، بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں ،حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لئے فوری جاری کر دئیے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ مشکلات میں گھرے ان پاکستانیوں کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں ،سیلاب متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے رقوم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ 2022 کے اکاؤنٹ نمبر جی-12164، میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے،صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جاسکے