وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کمبوڈین ہم منصب سے نوم پنھ میں ملاقات

بلاول بھٹو

نوم پنھ۔6اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے کمبوڈین ہم منصب پراک سوخونون سے نوم پنھ میں ملاقات کی اور آسیان ریجنل فورم وزارتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور پاکستانی وفد کی شاندار میزبانی پر ان کی کاوشوں کو سراہا ۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے علاقائی سلامتی کے لیے آسیان ریجنل فورم وزارتی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیا اور آسیان ریجنل فورم کے ساتھ پاکستان کے مسلسل عزم کا اظہار کیا ۔

انہوں نے آسیان کے ساتھ پاکستان کے تعاون کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے پاک کمبوڈیا دوستانہ تعلقات کو سراہا اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاک کمبوڈیا اعلیٰ سطحی مذاکرات اور تجارتی فروغ پر اتفاق کیا ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایشیاء پیسیفک کے لیے آسیان کی سربراہی میں جاری عمل کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے آسیان کی صدارت کے لیے کمبوڈیا کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔