اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقے خمرنگ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب سکیورٹی آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کامیاب آپریشن میں 6 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور 3 کو گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے،پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں سے ہماری جنگ جاری رہے گی۔