وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، حوثی حملوں کی شدید مذمت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سہ پہر سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے حالیہ حملوں، بالخصوص سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سہ پہر سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے حالیہ حملوں، بالخصوص سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان نہایت گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے حالیہ حملوں، بالخصوص سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لئے اپنی نیک خواہشات اور دلی احترام کا بھی اظہار کیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لئے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید خبریں