اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے تینوں ایام میں بہترین صفائی اور عوامی خدمت پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ پرائم منسٹر آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنےپیغام میں "ویل ڈن پنجاب”، "ویل ڈن مریم نواز” کہتے ہوئے وزیر اعلی اور صفائی مہم کی تمام ٹیم کی خدمات کو سراہا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈرون کے استعمال سے لاہور نہر میں گندگی پھینکنے میں 80 فی صد کمی قابل ستائش ہے ،شدید ترین گرمی میں عملے نے جس محنت سے کام کیا وہ قابل تعریف ہے، آپ کو سلام پیش کرتا ہوں ۔وزیراعظم نے شاعرانہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’عرق ریزی کے ساتھ عرق گلاب کے استعمال کی روایت جاری رہنی چاہیے‘‘۔امید ہے عوامی خدمت کا یہ معیار نہ صرف برقرار رہے گا بلکہ اس میں مزید بہتری آئے گی۔