لاہور۔7جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرضیوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے ازبک صدر کے ساتھ ساتھ ازبکستان کے عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور امت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران متوازن موقف پر ازبکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام شعبوں بالخصوص علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جو دونوں ممالک کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر شوکت مرضیوف کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز بالخصوص ای سی او اور ایس سی او میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ صدر میرضیوف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔